اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ایک ہی روز میں 12 افراد لاپتا ہو گئے ، ائی جی کے لیے 12 افراد کے لاپتہ ہونے کا معاملہ ایک چیلنج بن گیا ذرائع کے مطابق جس دن سے نئے ائی جی سہیل چوہدری نے چارج سنبھالا ہے جمعرات کے روز مختلف علاقوں میں اغوا اور لاپتہ ہونے والے واقعات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے جو کہ وفاقی وزیر داخلہ ائی جی اسلام آباد سہیل چوہدری کے لیے لمحہ فکریہ ہے.
وفاقی دارالحکومت میں ایک ہی روز اغوا اور لاپتا ہونے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ، اسی دوران پمز اسپتال سے مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والے نومولود بچے کو بروقت کارروائی کے نتیجے میں بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کے مطابق آئی نائن فور سے ایک شادی شدہ خاتون اپنی ہونڈا سٹی گاڑی سمیت لاپتا ہوگئی ، خاتون نے آخری مرتبہ اپنے شوہر سے فون پر رابطہ کرکے دوست سے ملنے جانے اور کچھ دیر بعد واپس آنے کا بتایا تھا، تاہم وہ گھر واپس نہ پہنچی ، شوہر کی درخواست پر پولیس نے دفعہ 496-A کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
گارڈن ٹاؤن میں ایک لڑکے کے مبینہ اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ، پولیس کو دی گئی درخواست میں لڑکے کی والدہ نے بتایا کہ وہ کراچی سے واپس آئیں تو بیٹا گھر میں موجود نہیں تھا جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند تھا ، اہل خانہ کے مطابق بعض افراد لڑکے کی تصویر لے کر علاقے میں اس کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے اور بعد ازاں گھر پہنچ کر اسے اپنے ساتھ لے گئے۔
اقبال ٹاؤن سے 15 سالہ لڑکی کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی پولیس کو دی گئی ، والدہ کے مطابق لڑکی خریداری کے لیے گھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہ آئی۔ اہل خانہ نے اپنی سطح پر تلاش کی، تاہم کامیابی نہ ملنے پر پولیس سے رجوع کیا گیا ، سہالہ میں ایک گھر سے قیمتی سامان چوری ہونے اور خاتون کو مبینہ طور پر ساتھ لے جانے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
خاتون کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ ایک نامعلوم شخص گھر سے سامان لے جانے کے ساتھ اس کی اہلیہ کو بھی اپنے ہمراہ لے گیا، سہالہ ہی میں 21 سالہ لڑکی کے لاپتا ہونے کا ایک اور مقدمہ درج ہوا ، پولیس کے مطابق لڑکی ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی اور معمول کے مطابق کام کے لیے گھر سے نکلی، تاہم واپس نہ پہنچی۔
ماڈل ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اس کی والدہ کی درخواست پر درج کیا گیا۔ درخواست گزار نے ایک شخص پر اپنی بیٹی کو گھر سے لے جانے کا الزام عائد کیا ہے ، نئی آبادی برکہ میں بھی 17 سالہ لڑکی کے مبینہ اغوا کی اطلاع پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی دادی نے ایک شخص کو نامزد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ان کی پوتی کو اپنے ساتھ لے گیا۔
آئی نائن ٹو میں ایک افسر کا ڈرائیور بھی دفتر سے واپسی کے بعد لاپتا ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور نے دفتر میں گاڑی کی چابی متعلقہ افسر کے حوالے کی اور کسی کام سے جانے کا بتایا، تاہم اس کے بعد واپس نہ آیا ، بھائی کی درخواست پر دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، ایک آن لائن کیب سروس کا ڈرائیور بھی گاڑی سمیت لاپتا ہونے کی اطلاع سامنے آئی ، اس کے والد کے مطابق ان کا بیٹا دو روز قبل گھر سے نکلا تھا لیکن اس کے بعد واپس نہیں آیا۔
بلال ٹاؤن میں 16 سالہ لڑکے کے لاپتا ہونے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ، والد کے مطابق گھر میں ہونے والے ایک تنازع کے بعد لڑکا گھر سے چلا گیا اور پھر اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ اہل خانہ کی تلاش ناکام ہونے پر پولیس سے مدد طلب کی گئی ، پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے لاپتا افراد اور مبینہ طور پر اغوا کیے گئے افراد کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ واقعات کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا پمز اسپتال سے نومولود بچے کو مبینہ طور پر تین خواتین باہر لے گئیں، تاہم واقعہ بروقت سامنے آنے پر بچے کی نانی، ایک لیڈی ڈاکٹر اور سکیورٹی گارڈ نے تلاش کرکے نومولود کو بازیاب کرلیا ، بعد ازاں تینوں خواتین کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ، پولیس نے نومولود کے مبینہ اغوا کا مقدمہ دفعہ 364-A کے تحت درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

