تہران (ویب ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ، اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ حسن نصراللہ عرب دنیا کے ہیرو، کمانڈر اور مزاحمتی محاذ کی عظیم علامت ہیں، جبکہ شیخ نعیم قاسم اب سید حسن نصراللہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ امام خمینی کی قیادت میں آنے والے انقلاب نے غیر ملکی تسلط کے دور کا خاتمہ کیا، بعض لوگ اب ایران کو چوتھی سپر پاور قرار دیتے ہیں، جبکہ ایران پہلی سپر پاور ہے ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی سمندر دشمن قوتوں کے لیے کھلے تھے، تاہم اب آبنائے ہرمز کے محافظوں اور جنگجوؤں کی بدولت دشمن بحیرۂ عرب سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ غیر ملکی تسلط کے وہ دن جنہیں دشمن واپس لانا چاہتے ہیں، ہمیشہ کے لیے ختم ہوچکے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف جاری مزاحمت میں لبنان کے یہ دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، یہ دن لبنان اور مزاحمت کے تمام مجاہدین کے لیے عظمت اور فخر کے دن ہیں ، ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مجاہدین کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایرانی عوام گزشتہ سات ماہ سے سڑکوں پر جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

