ٹانک میں پولیس موبائل وین پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 ٹریفک اہلکار شہید

ٹانک (بیورو رپورٹ) ٹانک میں دہشت گردوں نے پولیس کی موبائل وین پر حملہ کر دیا جس سے 3 ٹریفک اہلکار شہید ہو گئے جبکہ دو راہگیر بھی زخمی ہو گئے ، ٹانک میں پولیس وین پر فائرنگ سے شہید ہونے والے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کانسٹیبل گل امین، کانسٹیبل سلیم شاہ اور کانسٹیبل پیر ادریس کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

فائرنگ کے بعد مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ، ڈی پی او عبدالصمد خان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹانک کے وزیر آباد بازار میں پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نے ٹریفک اہلکاروں کی موبائل پر فائرنگ کی جس سے گاڑی میں سوار تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ٹریفک پولیس موبائل بھی لے گئےتھے جسے بعدازاں گرہ بڈھا سے برآمد کیا گیا، اس کے علاوہ ملزمان کی فائرنگ سے 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئے ، ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ، ڈی پی او کے مطابق مسلح ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی عصمت اللہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔