پاکستان کسٹمز کا ہانگ کانگ کسٹمز کے بلاک چین پر مبنی ValidAP پلیٹ فارم سے کامیاب انضمام

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان کسٹمز نے سرحد پار ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ہانگ کانگ کسٹمز کے بلاک چین پر مبنی ValidAP پلیٹ فارم کے ساتھ کامیاب انضمام کرلیا ہے, پاکستان کسٹمز کے مطابق اس انضمام کے بعد پاکستان اس پلیٹ فارم کو آپریشنل کرنے والی پہلی کسٹمز انتظامیہ بن گیا ہے۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق ہانگ کانگ کسٹمز کی جانب سے تیار کردہ ValidAP پلیٹ فارم کو پاکستان میں کامیابی سے فعال کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو کے تحت الیکٹرانک تجارتی دستاویزات کی محفوظ اور قابل اعتماد تصدیق ممکن ہوگی۔

تجارتی دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق :

حکام کے مطابق نئے نظام کے ذریعے ایس پی ایس سرٹیفکیٹس اور برآمدی اجازت ناموں سمیت مختلف تجارتی دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق کی سہولت حاصل ہوگی ، تجارتی دستاویزات میں کسی قسم کی تبدیلی یا جعل سازی کی نشاندہی کے لیے کرپٹوگرافک ہیش پر مبنی تصدیقی نظام استعمال کیا جائے گا۔ اس طریقہ کار کے تحت اصل تجارتی دستاویز یا اس کا مکمل ڈیٹا منتقل کیے بغیر بھی دستاویز کی صحت کی تصدیق کی جا سکے گی۔

پاکستان کسٹمز کے مطابق اس نظام سے کاغذی کارروائی اور دستی تصدیقی مراحل پر انحصار کم ہوگا، جبکہ تجارتی دستاویزات کی جانچ اور توثیق کا عمل مزید تیز اور مؤثر بن سکے گا۔

کلیئرنس کا عمل مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی :

حکام کے مطابق ValidAP تجارتی کھیپوں کی کلیئرنس کے عمل کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، جس سے کلیئرنس کے دورانیے اور کارگو کے ڈویل ٹائم میں کمی متوقع ہے ، پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام کے استعمال کے لیے تاجروں پر کوئی اضافی لاگت عائد نہیں ہوگی۔

پاکستان، ہانگ کانگ تجارتی تعاون میں پیش رفت :

پاکستان کسٹمز کے مطابق ValidAP کا انضمام پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کسٹمز اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہوگا اور محفوظ و قابل اعتماد ڈیجیٹل تجارتی راہداریوں کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔

یہ اقدام ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے ایشیا بحرالکاہل خطے میں اسمارٹ کسٹمز کے فروغ سے متعلق اقدامات سے بھی ہم آہنگ قرار دیا گیا ہے ، پاکستان کسٹمز کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو کے تکنیکی تعاون سے ValidAP کے انضمام اور اسے آپریشنل کرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔