18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت، سندھ بہت پیچھے رہ گیا . حافظ نعیم الرحمن

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت، سندھ بہت پیچھے رہ گیا ، سندھ کے ضلع حیدرآباد میں پٹرولیم لیوی کے خلاف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کیا جائے، پاکستان میں سیاست خاندانوں، شخصیات اور تعصب کی سیاست تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

اُنہوں نے سندھ کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن سندھ اس دوران بہت پیچھے چلا گیا ہے ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کا مؤثر نظام موجود نہیں، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں جب کہ شہر کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گئے ہیں، عوام ایسی قوت کی تلاش میں ہیں جو انہیں موجودہ صورتحال سے نکال سکے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز کا سلسلہ 1994 سے پیپلز پارٹی کے دور میں شروع ہوا اور اس کے بعد آنے والی تمام جماعتوں نے بھی اس معاملے پر کام کیا، یہ وہ سیاسی جماعتیں ہیں جو آئی پی پیز کو مضبوط کرتی رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست خاندانوں تک محدود ہو گئی ہے اور چینی مافیا، آٹا مافیا اور کارٹیلز جب سیاسی جماعتوں اور حکومتوں میں شامل ہوتے ہیں تو ان کے خلاف مؤثر آواز نہیں اٹھائی جاتی ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مہاجر اور سندھی مل کر جدوجہد کریں تو وڈیرہ شاہی نظام کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔