پاکستان اور چین کے دل ایک دوسرے سے جڑے اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے دل ایک دوسرے سے جڑے اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، وفاقی دارالحکومت میں چین کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث مسرت ہے، عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، جبکہ صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے بے مثال ترقی کی ہے، انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں چین کی پیشرفت قابل ذکر ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2026 پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے دل ایک دوسرے سے جڑے اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاک چین دوستی نے زلزلوں، طوفانوں اور سیلاب سمیت ہر آزمائش کا سامنا کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دیرینہ دوستی اور مشترکہ خوشحال مستقبل کے عزم کا مظہر ہے، پاکستان اور چین اب سی پیک کے اگلے مرحلے، سی پیک ٹو میں داخل ہورہے ہیں، جس میں صنعتکاری، خصوصی اقتصادی زونز اور آئی ٹی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات کے شعبے بھی سی پیک ٹو کا حصہ ہوں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس چین میں تربیت مکمل کرچکے ہیں، جبکہ مزید ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس کا گروپ چین جانے کے لیے تیار ہے، نوجوانوں کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، رواں سال چینی صدر شی جن پنگ سے ان کی ملاقات دیرینہ پاک چین دوستی کی مضبوط تجدید عہد تھی، پاکستان پاک چین قیادت کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے چینی زبان کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ دور دیس میں موجود مخلص دوست دور کی سرزمین کو قریب کردیتا ہے، یہ قول پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان گہری قربت کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔