افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی و ڈرون حملوں کی ویڈیو جاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے زیرکنٹرول علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی اور ڈرون حملوں کی ویڈیو کلپس جاری کردیں ، وزارت اطلاعات کے مطابق درست نشانے کے ساتھ کئے گئے حملوں میں دو مختلف مقامات پر فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے کیمپ مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ ڈرونز اور طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ، بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور کیمپوں میں ذخیرہ کیا گیا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا ، وزارت اطلاعات کے مطابق کیمپوں اور پناہ گاہوں پر کی گئی ٹارگٹڈ اور جامع فضائی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کردیا گیا۔