Farid Ahmed Tarar Chairman CCP Capitalnewspoint.com

ماسکو کانفرنس میں سی سی پی چیئرمین کا گمراہ کن ڈیجیٹل اشتہارات کے خلاف پاکستانی اقدامات پر زور

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیئرمین کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) فرید احمد تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں گمراہ کن تجارتی دعوے چند لمحوں میں سرحدیں عبور کرکے بڑے پیمانے پر صارفین اور دیانت دار کاروباروں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، اس لیے جدید نگرانی، مؤثر نفاذ اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے ماسکو میں ڈیجیٹل دور میں صارفین کے حقوق کا تحفظ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ذمہ دار کاروباری طرزِ عمل، گمراہ کن تشہیر کی روک تھام اور روایتی و ڈیجیٹل منڈیوں میں صارفین کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات اجاگر کیے۔ کانفرنس کا انعقاد روسی ادارے روس پوٹریب نادزور نے 8 اور 9 اکتوبر کو کیا۔

ذمہ دار کاروبار اور محفوظ مصنوعات کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے فرید احمد تارڑ نے کہا کہ مؤثر کمپٹیشن اور صارفین کی فلاح ایک دوسرے سے منسلک ہیں ، کمپٹیشن ایکٹ 2010ء کے سیکشن 10 کے تحت کاروباری اداروں کے دعوے سچے، قابلِ تصدیق اور شفاف ہونے چاہئیں ، انہوں نے اسٹریپ سلز، ڈیٹول، لائف بوائے اور ڈیری آئس کریم کے طور پر فروخت کیے جانے والے فروزن ڈیزرٹ سے متعلق سی سی پی کی کارروائیوں کا بھی حوالہ دیا۔

چیئرمین نے بتایا کہ سی سی پی ویب اسکریپنگ، مصنوعی ذہانت سے معاون تجزیے، میٹا ایڈ لائبریری اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے ممکنہ گمراہ کن دعوؤں کی نشاندہی کر رہا ہے ، اس نگرانی سے بیوٹی مصنوعات میں پارے کے عدم اظہار، ریگولیٹری منظوری کے گمراہ کن دعوؤں اور غیرمصدقہ طبی و صحت سے متعلق بیانات جیسے خدشات سامنے آئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نفاذ کے ساتھ رہنمائی، آگاہی اور پیشگی احتیاطی اقدامات بھی ضروری ہیں۔

دورۂ ماسکو کے دوران چیئرمین سی سی پی نے روس کی فیڈرل اینٹی مونوپولی سروس (ایف اے ایس) کے سربراہ میکسم شاسکولسکی اور ان کی ٹیم سے بھی ملاقات کی ، بات چیت میں 27 نومبر 2025ء کو طے پانے والے سی سی پی–ایف اے ایس مفاہمتی یادداشت کے تحت کارٹلز، غالب حیثیت کے ناجائز استعمال، مرجر کنٹرول، گمراہ کن تشہیر اور شعبہ جاتی جائزوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میکسم شاسکولسکی نے ادارہ جاتی روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریگولیٹری تجربات، ماہرین کے تبادلوں، تربیت اور مشترکہ تحقیق میں تعاون آگے بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ، دونوں اداروں نے شفاف، مسابقتی اور صارف دوست منڈیوں کے فروغ کیلئے عملی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔