اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان اور روس کے تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئے ہے، روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دعوت پر چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں یہ کسی بھی روسی وزیر داخلہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
اسلام آباد آمد پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا ، روسی وزیر داخلہ کے دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران ولادیمیر کولاکولتسیف پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے ، روسی وزیر داخلہ کا یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان روابط کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

