اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں اور وہی وزیراعلیٰ رہیں گے، ان سے متعلق کوئی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر نہیں ہو سکتا ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اراکین صوبائی اسمبلی خصوصاً خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خان صاحب کے ساتھ کھڑے ہیں اور خان صاحب کو بھی ان پر فخر ہے، گزشتہ دو سال کے دوران خیبرپختونخوا کے ایم پی ایز نے قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جنید اکبر ہمارے صدر تھے اور بدستور صدر رہیں گے، خان صاحب کی ہدایت پر جنید اکبر کا نوٹیفکیشن میں نے جاری کیا تھا، آئین کے مطابق صدر کی عدم موجودگی میں سینئر نائب صدر ذمہ داری سنبھالتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نور الحق قادری کریں گے جبکہ دیگر تنظیمی امور خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری علی اصغر خان دیکھیں گے ، بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی واپسی تک خیبرپختونخوا کی تنظیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، شک و شبہات ختم کرنے کیلئے اراکین سے تفصیلی بات چیت کی ہے، اس سلسلے میں آج یا کل باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا جائے گا۔

