ایران نے جدید ترین مقامی ڈرونز کی ویڈیو جاری کردی، جنگی تیاریوں کا دعویٰ

تہران (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایران کی فوج نے پہلی بار مقامی سطح پر تیار کیے گئے جدید ترین ڈرونز کی ویڈیو جاری کردی، جس میں جنگی اور خودکش ڈرونز کی تیاری کا عمل دکھایا گیا ہے ، ایرانی میڈیا کے مطابق آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے جنگی اور حملہ آور ڈرونز تیار کرنے والی تنصیب کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کی جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے ڈرون ٹیکنالوجی میں نمایاں پختگی حاصل کرلی ہے۔ جنگ کے دوران ایران نے ایسے ہتھیار استعمال کیے جنہوں نے دشمن کو حیران کردیا اور اسے بھاری نقصان پہنچایا ، ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ ایران ممکنہ جنگ کے لیے معیار اور تعداد، دونوں اعتبار سے بہتر پوزیشن میں ہے اور وہ دشمن کی حکمت عملی سے آگاہ ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ڈرونز، بغیر پائلٹ بحری جہازوں اور چھوٹے فضائی طیاروں کے استعمال میں وسعت آرہی ہے۔