PSMA Capitalnewspoint.com

ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملز کے 17 ملازمین اغوا، ایسوسی ایشن کا فوری بازیابی کا مطالبہ

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نارتھ زون نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شوگر ملز کے 17 ملازمین کے اغوا کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام مغویوں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملز کے ملازمین کا اغوا انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ قبول واقعہ ہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور مغویوں کی بازیابی کے لیے بھرپور کارروائی کریں۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اغوا میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور صنعتی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نارتھ زون نے حکومت پر زور دیا ہے کہ کارکنوں کی جان و مال کے تحفظ اور صنعتی اداروں کی سکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

ایسوسی ایشن نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ وہ متاثرہ کارکنوں، ان کے اہلِ خانہ اور ملز انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام مغویوں کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔