پاکستان کی معاشی بحالی پر عالمی بینک کی مبارک باد، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات کے تسلسل، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی بینک کے اعلیٰ عہدیدار سندیپ مہاجن نے پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی پر وزیر خزانہ کو مبارک باد دی، عالمی بینک کے وفد نے علاقائی بحران سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرکے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا، جبکہ ملاقات میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور ملک کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح حاصل کیے گئے معاشی استحکام کو سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے ایک قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

محمد اورنگزیب کا معاشی اصلاحات پر مستقل عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پالیسیوں میں تسلسل اور کاروباری ماحول میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ، ملاقات میں اس امر کا بھی جائزہ لیا گیا کہ معاشی استحکام کو طویل مدتی ترقی کی بنیاد بنانے کے لیے کن شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے نمائندوں نے نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے، ضابطہ جاتی اصلاحات متعارف کرانے اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ان امور کو اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے تناظر میں زیرِ بحث لایا گیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف وفد سے ملاقات میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کے کردار پر بھی توجہ دی گئی، اس حوالے سے اصلاحاتی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

علاوہ ازیں ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور عالمی بینک نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، ساختی اصلاحات کو جاری رکھنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔