اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرنے کو تیار ہے، جبکہ صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا جا رہا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ این ایف سی کے تحت خیبر پختونخوا کو ملنے والی اضافی رقم دیگر صوبوں سے الگ ہے اور اس مد میں اب تک ساڑھے 8 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
وزیر مملکت کے مطابق سابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (سابق فاٹا) کے آڈٹ کا عمل صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل ہو چکا ہے ، آڈٹ رپورٹ سے متعلق محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کا ایک اجلاس ابھی باقی ہے، جس کے بعد رپورٹ سیفران کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سیفران کمیٹی نے ہی مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم وفاقی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کے پیش نظر اضافی رقم فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

