تائیوان میں سمندری طوفان چمپی کی تباہ کاریاں، ایک ہلاک، 171 زخمی

تائی پے (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) تائیوان میں سمندری طوفان چمپی نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک اور 171 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب طوفان کی شدت سب سے زیادہ ہے، محکمہ موسمیات نے ہفتے تک 90 سینٹی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ سب سے زیادہ بارش ہفتے کی صبح متوقع ہے۔

حکام نے طوفان کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کر دیئے ہیں جبکہ شہریوں کو ساحلی اور پہاڑی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، دوسری جانب جاپان کے اوکیناوا جزائر بھی سمندری طوفان چمپی سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں تقریباً 8 ہزار 400 گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔