امن، قومی یکجہتی اور خوشحالی کا عزم، ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کا نیا اقدام

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ)ورلڈ پیس جرگہ پروگرام (WPJP) نے ملک میں امن، قومی یکجہتی، تعمیرِ نو، روزگار کے مواقع، کاروباری ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ویمن پیس جرگہ پارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام 1999 سے پاکستان میں امن اور ترقی کے مختلف اقدامات میں مصروف ہے، جبکہ 2008، 2009 اور 2010 کے دوران سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں بحالی اور تعمیرِ نو کی سرگرمیوں میں بھی تعاون کیا گیا۔

پروگرام کے چیئرمین خان بابا نے روایتی جرگہ نظام کو پرامن مکالمے، تنازعات کے حل، مفاہمت اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے ایک ذریعہ بنانے پر کام کیا ہے ، پروگرام کے مطابق اس کے اقدامات کا مقصد مختلف علاقوں میں جرگہ کمیٹیوں کو مضبوط بنانا اور حکومتی اداروں، سکیورٹی اداروں اور مقامی آبادی کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ویمن پیس جرگہ پارٹی کے قیام کا مقصد خواتین کی قیادت اور سماجی و معاشی شمولیت کو فروغ دینا، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا، روزگار پیدا کرنا اور تنازعات کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا ہے، پارٹی کی چیئرپرسن اور ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کی کنٹری ہیڈ سعدیہ خان، جنہیں خان بی بی بھی کہا گیا ہے، نے اس اقدام کو امن، قومی یکجہتی اور خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔

بیان میں دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور قومی اتحاد کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ، پریس ریلیز کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں، مقامی برادریوں اور قیادت کے درمیان مسلسل تعاون ضروری ہے۔

پروگرام نے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے قومی مشاورت، جرگہ کمیٹیوں کے قیام و استحکام اور بیرونِ ملک پاکستانیوں، بین الاقوامی کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور ترقیاتی شراکت داروں سے رابطوں کا بھی ذکر کیا ہے ، کانفرنس میں قطر، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، دبئی، ابوظہبی اور ریاض سمیت مختلف مقامات پر مجوزہ سرگرمیوں کے علاوہ ترکیہ، اٹلی، برطانیہ اور امریکہ میں بھی رابطوں اور سرگرمیوں کے منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ ان مجوزہ سرگرمیوں کا مقصد پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کرنا اور امن و معاشی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

خان بابا اور خان بی بی کی جانب سے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، چیف سیکریٹریز، کمشنرز، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سرکاری و سکیورٹی اداروں کا تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا ہے ، پروگرام نے عوام، نوجوانوں، کاروباری شخصیات اور بیرونِ ملک پاکستانیوں سے امن، اتحاد، وقار اور خوشحالی کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔