خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کا فیصلہ، زیادہ نقصانات والے علاقوں کو بھی بجلی ملے گی

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں بجلی و توانائی کے درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے ایک اہم مشاورتی اجلاس پاور ڈویژن منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیر پیٹرولیم نے خیبر پختونخوا کے توانائی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ، اجلاس کا مقصد وزیراعظم کے وژن کے تحت صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر توانائی کے نظام میں بہتری لانا اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا تھا۔

اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری پیٹرولیم، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے توانائی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں توانائی کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص زیادہ نقصانات اور مشکلات کے شکار علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم کیا جائے.

وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری نے عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے خیرسگالی کے طور پر اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ زیادہ نقصانات والے علاقے جہاں طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، وہاں لوڈ شیڈنگ کم کر کے بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے گا۔

وفاقی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام اس حکومتی اقدام اور اعتماد کا مثبت جواب دیں گے، اپنے واجب الادا بلز باقاعدگی سے ادا کریں گے اور بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں گے تاکہ بجلی کی بلاتعطل ترسیل کا یہ تسلسل مستقل بنیادوں پر برقرار رہ سکے۔

اس کے مستقل اور پائیدار حل کے طور پر سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم (اے پی ایم ایس) نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس جدید اور خودکار نظام کے تحت روایتی انداز میں پورے فیڈر کو بند کرنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور ٹرانسفارمرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ باہمی رابطوں کو مضبوط رکھا جائے گا تاکہ طے شدہ لائحہ عمل پر عملدرآمد کر کے خیبر پختونخوا کے شہریوں کے لیے فوری اور پائیدار ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔