Saba Qamar About Her Marriage Capitalnewspoint.com

اگر میری شادی ہو رہی ہے تو مجھے بھی دعوت نامہ بھیج دیں . صبا قمر

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے دسمبر میں شادی کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر دلچسپ اور طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے افواہوں کی تردید کردی۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیرِ گردش تھیں کہ صبا قمر رواں برس دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں، ان خبروں نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی تھی، تاہم اداکارہ نے خود سامنے آکر ان دعوؤں کی حقیقت واضح کردی۔

صبا قمر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی سے متعلق زیرِ گردش خبر کا سکرین شاٹ شیئر کیا اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر یہ افواہیں کون پھیلا رہا ہے؟

اداکارہ نے اپنی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان دنوں وہ کام میں اس قدر مصروف ہیں کہ انہیں گھر واپس آنے اور اپنی نیند پوری کرنے کا بھی مناسب وقت نہیں مل رہا ، انہوں نے اپنی مخصوص حسِ مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر واقعی ان کی شادی ہونے جارہی ہے تو کم از کم انہیں بھی اس کی دعوت ضرور بھیج دی جائے، کیونکہ انہیں خود ابھی تک اپنی شادی کا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔

صبا قمر کے اس دلچسپ جواب سے واضح ہو گیا کہ دسمبر میں ان کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تاحال کوئی حقیقت نہیں اور اداکارہ نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی ، دوسری جانب اداکارہ کے اس ردعمل کے بعد مداحوں میں ان کی شادی سے متعلق چہ مگوئیاں ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔