شاہ رخ خان کو اپنے ہی گھر ’منت‘ میں کیا کرنے کی اجازت نہیں؟ دلچسپ انکشاف

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مشہور گھر ’منت‘ سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے ہی گھر میں کئی معاملات پر بات کرنے یا فیصلے کرنے کی اجازت نہیں، کیونکہ گھر کی تمام تر ذمہ داری اور سجاوٹ ان کی اہلیہ گوری خان کے ہاتھ میں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے حال ہی میں دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں معروف فلم ساز اور میزبان کرن جوہر نے ان سے سوال کیا کہ انہیں اپنے گھر میں کون سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہے؟

اس سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں اپنے گھر میں کچھ بھی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’منت‘ دراصل ان کی اہلیہ گوری خان کا گھر ہے اور وہ گھر کے وائی فائی، کھانے پینے، رنگوں، پینٹنگز، سیڑھیوں، لائٹس اور فرنیچر جیسے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتے۔

اداکار نے گوری خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گھر کو بہت خوبصورتی سے بنایا اور سجایا ہے ، شاہ رخ خان نے اپنے گھر کی جذباتی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد ان کی زندگی میں اپنا گھر ہونا ایک بہت بڑا خواب تھا ، گوری خان سے شادی سے قبل ان کے پاس اپنا کوئی گھر نہیں تھا، اسی لیے اپنا گھر حاصل کرنا ان کے سب سے بڑے خوابوں میں شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی فلموں، خاندان اور کام سے بے حد محبت کرتے ہیں، لیکن زندگی میں ایک ایسی جگہ کا ہونا جسے وہ اپنا گھر کہہ سکیں، ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔