Pakistani Actress Esha Noor Quit Showbiz Industry she Tells Reason Capitalnewspoint.com

معروف اداکارہ ایشا نور نے شوبز کیوں چھوڑا؟ روحانی سفر کی کہانی سنا دی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشا نور نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرکے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے فیصلے کی وجہ بتا دی ، ڈرامہ سیریلز سیانی، میری ما٘ں، تم کون پیا اور امید سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حالیہ گفتگو میں اپنے روحانی سفر اور شوبز چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق اہم انکشافات کیے۔

ایشا نور کا کہنا تھا کہ ان کے گھرانے میں پہلے ہی مذہبی رجحان موجود تھا، تاہم ان کی چھوٹی بہن کے قرآن پاک سیکھنے کے بعد انہوں نے بھی ترجمے کے ساتھ قرآن مجید پڑھنا شروع کیا ، اداکارہ کے مطابق قرآن پاک کا ترجمہ پڑھتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں، جس کے بعد ان کی زندگی اور سوچ میں نمایاں تبدیلی آئی۔

انہوں نے بتایا کہ زندگی کے ایک مشکل دور میں انہیں احساس ہوا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہتے ہوئے وہ اپنی خواہش کے مطابق مذہبی زندگی نہیں گزار سکتیں، اس دوران انہوں نے اللہ تعالیٰ سے آسانی اور رہنمائی کی دعا کی، جس کے بعد ان کے لیے نئے راستے کھلتے چلے گئے۔

ایشا نور نے شوبز سے دوری اختیار کرنے کے بعد کاروباری میدان میں قدم رکھا اور اب اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں، جہاں وہ دیگر افراد کو بھی روزگار فراہم کر رہی ہیں ، اداکارہ کے اس فیصلے اور روحانی سفر کی کہانی سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔