اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے قومی فریم ورک کا افتتاح کر دیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون لازمی نوعیت کا ہے، قانون کی خلاف ورزی پر قانونی نتائج ہوں گے، 18 سال کی عمر کی حد پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے شادیوں کی رجسٹریشن مضبوط بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شادیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش ہوگی، کم عمری کی شادی بچیوں کو تعلیم، صحت اور ترقی کے مواقع سے محروم کرتی ہے، بچیوں کو تعلیم اور معاشی ترقی میں مساوی مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ کوئی قوم اپنی نصف آبادی کو ترقی کے عمل سے باہر رکھ کر ترقی نہیں کر سکتی، کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون شریعت سے متصادم نہیں، وفاقی شرعی عدالت نے سندھ کے کم عمری کی شادیوں کے قانون کو برقرار رکھا، قانون سازی کے ساتھ عوامی آگاہی اور معاشرتی رویوں میں تبدیلی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی چیئرمین شپ کے تحت کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون بڑھائے گا، کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے افریقی ممالک کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا منصوبہ ہے ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اور بلوچستان حکومتوں کی کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں قابلِ تحسین، کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کا پیغام ہر گھر تک پہنچانا قومی ذمہ داری ہے۔

