Saifullah Aboro Capitalnewspoint.com

1120 ارب روپے کے مبینہ ٹیکس فراڈ کا انکشاف، سیف اللہ ابڑو کا ایف بی آر حکام سے جواب طلبی کا مطالبہ

اسلام آباد (احسان بخاری) سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 1120 ارب روپے کے مبینہ ٹیکس فراڈ اور درآمدی مواد کے غلط استعمال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض کمپنیوں نے مختلف مقامات پر کمپنیاں قائم کرکے ٹیکس چوری کی، جبکہ درآمد شدہ میٹریل ایک علاقے میں منگوایا گیا لیکن اسے کہیں اور استعمال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ درآمدی اشیاء کے لیے کمپنیاں کنزمشن سرٹیفکیٹ حاصل کرتی ہیں، تاہم اس معاملے میں یہ دیکھنا ضروری تھا کہ متعلقہ فیکٹریوں کی پیداواری صلاحیت اور ان کے دیے گئے کوٹے میں مطابقت بھی ہے یا نہیں ، ان کے مطابق کسی نے فیکٹریوں کا باقاعدہ دورہ نہیں کیا اور نہ ہی یہ جانچ کی گئی کہ کمپنیاں مختص کوٹے کے مطابق پیداوار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعض فیکٹریوں کو سیکڑوں ٹن کا کوٹہ دیا گیا، لیکن موقع پر صورتحال اس کے برعکس نظر آئی اور وہاں ٹرک تک موجود نہیں تھے ، فیکٹری انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ وہ روزانہ پیداوار کرکے فروخت کرتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید جانچ کی ضرورت ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے مطابق اس معاملے میں کمشنر فوزیہ اور متعلقہ ڈائریکٹر کو معطل کیا گیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ صرف دو افسران کی معطلی سے معاملہ ختم نہیں ہونا چاہیے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیکٹریوں کی جانب سے 5 سے 6 ارب روپے واپس لیے گئے ہیں، جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ عوام کے تقریباً 85 ارب روپے بھی واپس قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ قوانین پر عمل درآمد ایف بی آر کی ذمہ داری ہے، لیکن ادارہ ابھی تک معاملے کے ابتدائی مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا ، ان کے مطابق تقریباً 450 ارب روپے قانونی ٹیکس بنتے ہیں، جبکہ جرمانے عائد کیے جائیں تو وصولیوں کی رقم 1120 ارب روپے سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں 223 سرٹیفکیٹس بھی ان کے پاس موجود ہیں۔

گفتگو میں سینیٹر عمر فاروق نے کہا کہ مجرم عموماً پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کرتے، جبکہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ایف بی آر کے کردار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو چیئرمین ایف بی آر تک لے جایا جائے گا اور حکام کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی مبینہ کرپشن سامنے آنے کے باوجود ایف بی آر کے چار افسران کو ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا، جس پر افسوس ہے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو خط لکھ کر ان افسران کے لیے ایوارڈ کی نامزدگیاں واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا ، انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے کرپشن کو اجاگر کرنے کا مقصد کسی انعام کا حصول نہیں بلکہ عوامی مفاد ہے۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے مزید دعویٰ کیا کہ متعلقہ مقام پر تیل یا گھی کے بجائے پانی نکل رہا تھا، جبکہ ان کے بقول معاملے کو دبانے کی کوشش بھی کی گئی، انہوں نے بتایا کہ پیر کو کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کو ٹیم اور تحقیقات سے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، تاہم دو افسران کی معطلی پر چیئرمین ایف بی آر کو سراہا بھی۔