لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ خونریزی و تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ، ان کے مطابق قائد جمعیت کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر 11 گھنٹوں سے زائد وقت تک محصور رکھا گیا اور لاہور پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روکے رکھا۔
اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے راستہ روکنے کے باعث وہ آگے نہ جا سکے، ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی جی لاہور نے مولانا فضل الرحمٰن کو واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق بعد ازاں سی سی پی او لاہور موقع پر پہنچے اور مولانا فضل الرحمٰن کو گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا، اسلم غوری کا کہنا تھا کہ قائد جمعیت نے حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی اہلکاروں کے درمیان تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان گزشتہ کئی گھنٹوں سے ملک بھر کی شاہراہوں پر دھرنا دیے بیٹھے تھے، جبکہ مظاہرین اور عوام کی تعداد میں اضافے کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ تھا، ان کے بقول مولانا فضل الرحمٰن نے عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا تاکہ ملک کو تشدد اور انتشار سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور قومی و صوبائی شاہراہیں بند رہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے عوام سے پیش آنے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے ملک بھر کے عوام اور کارکنان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ترجمان جے یو آئی نے اعلان کیا کہ آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی تحریک اور جدوجہد جاری رہے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل قیادت باہمی مشاورت کے بعد سامنے لائے گی .
اسلم غوری کے مطابق مولانا خواجہ خلیل احمد نے قائم مقام مرکزی امیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، پارٹی کی تحریک سابقہ فیصلوں اور مولانا فضل الرحمٰن کے بیانیے کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔

