ویانا (ویب ڈیسک) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے ویانا میں آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پاکستان کا قومی بیان پیش کرتے ہوئے جوہری تحفظ و سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ جوہری تحفظ اور سلامتی کی مکمل ذمہ داری متعلقہ ریاست پر عائد ہوتی ہے، جوہری اور تابکاری تحفظ پاکستان کے پُرامن جوہری پروگرام کا بنیادی حصہ ہیں۔
چیئرمین پی اے ای سی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ پانچ دہائیوں سے اپنی جوہری تنصیبات کو مکمل محفوظ انداز میں چلا رہا ہے، پاکستان رکن ممالک کی استعداد کار بڑھانے میں آئی اے ای اے کے مرکزی کردار کو سراہتا ہے ، انہوں نے کہا کہ کنونشن آن نیوکلیئر سیفٹی کے دسویں جائزہ اجلاس کی صدارت پاکستان نے کی، جبکہ 2026 میں پاکستانی ماہرین نے فلپائن اور چین میں آئی اے ای اے کی مشقوں میں حصہ لیا۔
ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی خطے کے رکن ممالک کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس فار نیوکلیئر سکیورٹی علاقائی مرکز کے طور پر فعال ہے ، چیئرمین پی اے ای سی نے کہا کہ پاکستان کا داخلی جوہری تحفظ اور سلامتی کا فریم ورک عالمی معیارات کے مطابق ہے، کنونشن کے نتائج عالمی سطح پر جوہری تحفظ کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

