اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود آبپارہ فلیٹس سے پولیس اہلکاروں کو بے دخل کرنے کے معاملے پر چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف کو 26 اکتوبر، پیر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
جسٹس اعظم خان نے کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے سے وضاحت طلب کی ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود پولیس اہلکاروں کو فلیٹس سے کس نے بے دخل کیا اور اس اقدام کے ذمہ دار افسران کون ہیں۔
عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ رپورٹ جمع کرائیں اور بتایا جائے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کیسے ہوئی ، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی افسر اس معاملے کا ذمہ دار ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس سے قبل پولیس اہلکاروں کو آبپارہ فلیٹس سے بے دخل کرنے سے روک دیا تھا، تاہم عدالتی حکم کے باوجود فلیٹس خالی کرانے کا معاملہ سامنے آنے پر عدالت نے سی ڈی اے سے جواب طلب کر لیا ہے ، عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دینے اور متعلقہ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

