CDA 659 Fit new Project Capitalnewspoint.com

بلیو ایریا میں 659 فٹ بلند ٹاور سمیت پانچ بڑے منصوبے منظور

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی نے اسلام آباد میں پانچ بڑے تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دے دی، جن میں بلیو ایریا میں 659 فٹ بلند 45 منزلہ ہائی رائز ٹاور کی تعمیر بھی شامل ہے ، اس کے علاوہ اسی علاقے میں 580 فٹ بلند 42 منزلہ دوسرے ٹاور کی تعمیر کی بھی اصولی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کے تحت چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں اسلام آباد کو جدید اور ترقی یافتہ دارالحکومت بنانے کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دی جا رہی ہے ، ممبر پلاننگ سی ڈی اے محمد عمیر کی زیر نگرانی جدید تعمیراتی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

سی ڈی اے کی جانب سے بلند و بالا عمارتوں، جدید کمرشل پلازوں اور بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، بلیو ایریا میں جدید طرز کی عمودی ترقی سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے اور کاروباری شعبے کو وسعت ملنے کی توقع ہے ، اتھارٹی کے مطابق مزید تین تعمیراتی منصوبوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے.

تاہم ان پر عمل درآمد متعلقہ تکنیکی تقاضوں کی تکمیل سے مشروط ہوگا، سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ تعمیراتی منصوبوں میں معیار، عمارتوں کے اسٹرکچرل استحکام اور فائر سیفٹی کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، تاکہ بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر میں حفاظتی تقاضوں کو مقدم رکھا جا سکے .

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے کے ساتھ ماحول دوست ترقی، زمین کے مؤثر استعمال اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، سی ڈی اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو جدید، خوبصورت، کاروبار دوست اور سیاحوں کے لیے پُرکشش دارالحکومت بنانا ہے۔