برمنگھم ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ تباہی کا شکار، 100 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں

برمنگھم (ویب ڈیسک) برمنگھم میں بھی پاکستانی بیٹرز کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ نہ رک سکا، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 100 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ، پاکستان نے 23 اوورز میں 100 رنز بنائے ہیں، سعود شکیل 37 اور رضا اللہ 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب صفر، اذان اویس 9، عبداللہ شفیق 3، شان مسعود 5، کپتان بابر اعظم 7، غازی غوری 4 اور محمد عمران 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، انگلینڈ کے اولی رابنسن نے 2، جوفرا آرچر نے 2 جبکہ جوش ٹنگ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، اور سعود شکیل کے سوا کسی پاکستانی بیٹر کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے کا موقع نہ دیا۔

آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، وکٹ کیپر غازی غوری، فاسٹ بولر رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے ، غازی غوری کو سعود شکیل، رضا اللہ کو محمد عباس جبکہ عمران رندھاوا کو بابر اعظم نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، اذان اویس، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، شان مسعود، سعود شکیل اور محمد علی بھی شامل ہیں ، واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔