لاہور (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء پر جرمانہ عائد کردیا ، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران بھارتی کھلاڑی شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین کی جانب جانے کا اشارہ کیا تھا۔
آئی سی سی نے فاطمہ ثناء کے خلاف میچ میں لیول ون خلاف ورزی کی میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر فاطمہ ثنا کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے ، آئی سی سی کے مطابق کپتان فاطمہ ثناء نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ فاطمہ ثناء کے گزشتہ 24 ماہ کے دوران ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ان کا پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ 6 اگست 2025 کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ملا تھا ، علم میں رہے کہ پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 18.1 اوورز میں 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے 8.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ اپنے نام کرلیا۔
خیال رہے کہ بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود پاکستان کے پاس ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع موجود ہے۔ قومی ٹیم آج ہانگ کانگ کے خلاف میدان میں اترے گی اور کامیابی کی صورت میں سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

