اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان میڈیکل طلبا کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ، اعلامیے کے مطابق پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام غیرملکی طلبا پر پی ایم ڈی سی کے قوانین اور ویزا پالیسی کا بلاامتیاز اطلاق ہوتا ہے ، پاکستان میں طبی تعلیم کے لیے کسی مخصوص قومیت یا افغان طلبا پر کوئی پابندی عائد نہیں۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پاکستان میں 200 سے زائد افغان میڈیکل طلبا کی نشاندہی ہوئی، تاہم ان میں سے صرف 22 طلبا پی ایم ڈی سی کے پاس قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں ، رجسٹرڈ 22 طلبا میں سے 14 اپنی تعلیم مکمل کرچکے ہیں جبکہ 8 آئندہ سال فارغ التحصیل ہوں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ باقی 176 افغان طلبا کے ریکارڈ اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے ، پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ صرف میڈیکل ڈگری کا حصول پاکستان میں قیام یا طب کی پریکٹس کا حق نہیں دیتا، پریکٹس کے لیے پی ایم ڈی سی کا لائسنس اور درست ویزا لازمی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق غیر رجسٹرڈ طلبا کو پاکستان کے میڈیکل ایجوکیشن سسٹم کے تحت قانونی طالب علم تصور نہیں کیا جائے گا ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ طلبا کو کاغذی کارروائی مکمل کرنے اور منظم و باعزت واپسی کے لیے سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ تمام قانونی اور ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنے والے غیرملکی طلبا کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا۔

