ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرسکتا ہوں . محمد رضوان

لندن (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا ، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار ہے۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہ نیوز کانفرنس بھی کرسکتے ہیں، تاہم انہوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیشی اور کیس سے متعلق مزید بات کرنے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ 10 ستمبر کو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیش ہوئے تھے، جہاں انگلینڈ سیریز کے دوران مبینہ ڈریسنگ روم لیکس اور موبائل فون سے حاصل ہونے والی معلومات کے معاملے پر دونوں کرکٹرز سے تقریباً دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون ان لاک کرنے اور فرانزک کرانے کے طریقہ کار کا تعین کیا جارہا ہے، جبکہ موبائل فونز کے فرانزک میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ، امام الحق اور محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو جلد تحریری جواب جمع کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق موبائل فرانزک کے بعد بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال یا دیگر امور سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے نے دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ میں قیام کے دوران ان کے رابطوں اور ملاقاتوں سے متعلق بھی سوالات کیے، جبکہ موبائل فونز پر ہونے والی گفتگو اور ڈریسنگ روم کی حساس معلومات لیک ہونے کے معاملے پر بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

خیال رہے کہ محمد رضوان اور امام الحق ان کرکٹرز میں شامل ہیں جنہیں لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم سے ریلیز کردیا گیا تھا۔ پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کے موبائل فون متعلقہ اداروں کو بھیج دیے تھے، جس کے بعد این سی سی آئی اے موبائل فونز سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر تحقیقات کررہا ہے۔