امریکا ایران جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان سے رابطے کی تصدیق، اقوام متحدہ

نیویارک (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ رابطے کی تصدیق کر دی ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے، انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جون میں ہونے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک نے اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں کردار ادا کیا تھا ، عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہونا جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے فریقین پر زور دیا کہ موجودہ تنازع کے حل کے لیے طاقت کے بجائے سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے ، اقوام متحدہ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کی حمایت کر چکا ہے ، عالمی ادارے کے مطابق موجودہ بحران کا دیرپا حل سفارتی کوششوں اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے۔