سنگیتا کا تیسری شادی اور سابقہ ازدواجی زندگی سے متعلق اہم انکشاف

کراچی (شوبز رپورٹر) پاکستانی فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی اور سابقہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے اہم باتیں شیئر کی ہیں ، ایک حالیہ انٹرویو میں سنگیتا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی جبکہ دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی۔ اداکارہ کے مطابق ان کی موجودہ شادی فلم انڈسٹری سے وابستہ طارق میندرو سے ہوئی ہے اور دونوں کی شادی کو 14 سال مکمل ہو چکے ہیں۔

سنگیتا نے بتایا کہ بچوں کی شادیاں ہونے کے بعد وہ خود کو تنہا محسوس کرتی تھیں، جس کے بعد طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی ، اداکارہ کے مطابق انہوں نے اس بارے میں سوچا کہ عمر کے اس مرحلے پر زندگی میں ایک ساتھی کا ہونا ضروری ہے ، انہوں نے اپنے موجودہ شوہر کی بعض خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ غصے میں گالم گلوچ یا جھگڑے کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

سنگیتا نے بتایا کہ اگر دونوں میں سے کوئی غصے میں ہو تو بحث کو بڑھانے کے بجائے خاموشی اختیار کرنا ان کی ازدواجی زندگی کو بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہوا ہے ، اپنی سابقہ شادیوں کے حوالے سے اداکارہ نے مبینہ گھریلو تشدد کے واقعات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق جسمانی تشدد ان کے لیے شادی میں ناقابل قبول تھا اور انہوں نے ماضی میں اسی وجہ سے طلاق کا فیصلہ کیا۔

سنگیتا نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں انہیں جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا اور بعض اوقات وہ جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ بھی کام پر جاتی تھیں۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک ازدواجی رشتے میں جسمانی تشدد ایک سنگین مسئلہ اور ناقابل قبول رویہ ہے۔