اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان اور لیبیا نے باہمی تجارت، تعلیم اور کاروباری شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ الطاہر الباعور نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے لیبیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی ، دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال اور اس کے علاقائی امن و استحکام، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا ، ترقی پذیر ممالک کو درپیش ممکنہ معاشی مشکلات بھی گفتگو کا حصہ رہیں۔
لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا ، اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہے ، انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی جانب واپس آنا چاہیے۔

