Atta Tarar Capitalnewspoint.com (2)

اسلام آباد میں امن خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے . عطا تارڑ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کسی بھی صورت پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں آ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی ، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے احتجاجی طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے اب تک ایسا احتجاج دیکھنے میں نہیں آیا جسے مکمل طور پر پرامن قرار دیا جا سکے ، انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو صورتحال کا جائزہ لینے کا مشورہ بھی دیا ، عطا تارڑ نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں مبینہ طور پر امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے کے خدشے سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے، یہ واضح نہیں۔ ان کے بقول بیرسٹر گوہر سمیت بعض رہنماؤں کی جماعت کے اندر فیصلہ سازی میں حیثیت پر بھی سوالات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات کی بات کی جا رہی ہے، تاہم حکومت ان کے مؤقف اور بیانات کو قابلِ اعتماد نہیں سمجھتی اور موجودہ صورتحال میں ان سے مذاکرات کی افادیت پر سوالات ہیں ، عطا تارڑ کے یہ تمام مؤقف ان کی نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران سامنے آئے۔