نیویارک (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت پر زور دیا ، انہوں نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی بھی واضح کی۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہتے ہوئے انسانیت کی بہتری اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے لیے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان، بالخصوص پاکستان کے قریبی ہمسایہ خطے میں اس کے واقعات، سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اس رجحان کی روک تھام کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا ، سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار اور مؤثر آواز کو سراہتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا، انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی و ثالثی کوششوں کو بھی سراہا ، انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

