اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ اور دھرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمت ہے تو آؤ اور دھرنا دو، ان کی کوئی تیاری نہیں ، وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب دھرنے سے بھی بھاگ گئی ہے اور لانگ مارچ سے بھی پیچھے ہٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت حالات سے لاعلم ہے، خیبرپختونخوا میں تمام سیاسی جماعتوں پر حملے ہوئے ہیں، جب کہ صوبائی حکومت نے آج تک دہشت گردی کے کسی واقعے کی مذمت تک نہیں کی۔
وزیر اطلاعات کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف دہشت گردوں کی منظورِ نظر جماعت ہے اور ٹی ٹی پی کی بی ٹیم جبکہ ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے، دہشت گردوں کی سہولت کاری کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے، تحریک انصاف ہوش کے ناخن لے ، دوسری جانب اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایک دن آئے گا جب ملک سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہوگا۔

