Capital-DEVELOPMENT-AUTHORITY-CDA-CAPITALNEWSPOINT.COM_

عدالتی حکم پر عملدرآمد رپورٹ جمع نہ کرانے پر چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر لینڈ کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سی ڈی اے کی جانب سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ مسلسل جمع نہ کرانے پر سول جج فرسٹ کلاس ایسٹ اسلام آباد کی عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر لینڈ کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے دونوں افسران کے خلاف ایک، ایک لاکھ روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے ، سماعت کے دوران عدالت کے علم میں آیا کہ سی ڈی اے کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرانے کے لیے متعدد مواقع دیے جاچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود تعمیلی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔

عدالتی کارروائی کے مطابق کیس 29 اپریل سے سی ڈی اے کی تعمیلی رپورٹ کے لیے مقرر تھا، لیکن بار بار مواقع ملنے کے باوجود متعلقہ حکام رپورٹ عدالت میں جمع نہ کرا سکے۔

عدالت نے قرار دیا کہ بیلف کے ذریعے روبکار کی تعمیل کے باوجود سی ڈی اے حکام کی جانب سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش نہیں کی گئی، جس پر عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور ڈائریکٹر لینڈ کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ، عدالت نے متعلقہ حکام کو وارنٹ کے ذریعے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ، سول جج فرسٹ کلاس ایسٹ اسلام آباد نے کیس کی مزید سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔