اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، 35 کلو گرام مشتبہ ویڈ برآمد، مسافر گرفتار

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 25 ستمبر 2026 کو آمد والی پرواز نمبر TG-349 کے ذریعے ممنوعہ اشیاء کی ممکنہ اسمگلنگ کی کوشش کے پیشِ نظر پاکستان کسٹمز، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IIAP) نے نگرانی مزید مؤثر بناتے ہوئے خصوصی چیکنگ کے اقدامات کیے ، موصولہ اطلاعات کی روشنی میں اسسٹنٹ کلکٹر کی نگرانی میں ایک خصوصی ویجیلنس ٹیم تشکیل دی گئی۔

دورانِ چیکنگ ایک مسافر کو روک کر مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق اس کی تلاشی اور سامان کی جانچ کی گئی، جس کے نتیجے میں اس کے قبضے/سامان سے 35 کلو گرام (مجموعی وزن) مشتبہ ویڈ برآمد ہوئی۔

برآمد شدہ ممنوعہ مواد، جس کی تخمینہ شدہ مالیت 66 کروڑ روپے ہے، کو کسٹمز کی تحویل میں لے لیا گیا ، ملزم مسافر کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ممنوعہ مواد کے ماخذ، مطلوبہ منزل اور اسمگلنگ کی کوشش سے متعلق دیگر اہم پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔