ریاض (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان 24 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والا سربراہی اجلاس ملتوی کردیا گیا، جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ، عرب میڈیا کے مطابق یورپی کونسل نے اپنے بیان میں اجلاس ملتوی کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سربراہی اجلاس کی نئی تاریخ مناسب وقت پر بتائی جائے گی۔
یورپی کونسل کے بیان میں اجلاس ملتوی کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، تاہم خطے میں سیکیورٹی خدشات اور حوثیوں کے حملوں کے باعث پروازوں کی منسوخی کو ممکنہ وجوہات میں شمار کیا جا رہا ہے ، اس سے قبل جمعرات کو برسلز میں یورپی رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بلغاریہ کے وزیر اعظم رومن رادیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا .
کہ ریاض میں ہونے والی ملاقات ملتوی کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کی ممکنہ وجہ سیکیورٹی سے متعلق خدشات ہوسکتے ہیں ، سربراہی اجلاس میں یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے رہنماؤں کو باہمی تعلقات، مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کرنا تھا ، دونوں خطوں کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو اہمیت حاصل ہے۔
مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورت حال اور علاقائی سلامتی سے متعلق خدشات کے تناظر میں بھی دونوں فریقوں کے درمیان مشاورت اہم سمجھی جاتی ہے۔ تاہم، یورپی کونسل نے اجلاس ملتوی کرنے کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی، جبکہ بلغاریہ کے وزیر اعظم نے بھی سیکیورٹی خدشات کا ذکر حتمی وجہ کے بجائے ایک امکان کے طور پر کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے بھی یمن کے حوثیوں کے متعدد حملوں کے بعد نمائشی ٹینس ٹورنامنٹ ’سکس کنگز سلیم‘ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

