اسلام آباد(کیپیٹل نیوز پوائنٹ) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے کارپوریٹ رپورٹنگ میں شفافیت کے جائزے (TRAC 2026) میں پاکستان کی 104 بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے ، کمپنی نے مجموعی طور پر 92.71 فیصد اسکور حاصل کیا۔
رپورٹ میں کارپوریٹ گورننس، احتساب اور ذمہ دارانہ کاروباری طرزِ عمل کے اہم شعبوں میں او جی ڈی سی کی مؤثر عوامی معلومات کی فراہمی اور شفاف رپورٹنگ کو سراہا گیا ، کمپنی نے چار شعبوں میں 100 فیصد اسکور حاصل کیا، جن میں بدعنوانی کے خلاف اقدامات، تنظیمی شفافیت، ملکی مالیاتی رپورٹنگ اور صنفی مساوات، عدم امتیاز اور معذور افراد کی شمولیت شامل ہیں۔
او جی ڈی سی نے مجموعی طور پر 92.71 فیصد اسکور حاصل کرکے ”نمایاں طور پر شفاف“ کمپنیوں کے درجے میں جگہ بنائی، جبکہ تمام 104 کمپنیوں کا اوسط اسکور 66.73 فیصد رہا ، انسانی حقوق اور کارپوریٹ ذمہ داری کے شعبے میں کمپنی نے 81.25 فیصد، جبکہ ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) سے متعلق معلومات کی فراہمی میں 75 فیصد اسکور حاصل کیا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے اس جائزے میں یہ جانچا گیا کہ کمپنیاں اپنی پالیسیوں، انتظامی ڈھانچے اور کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں عوام کو کس حد تک معلومات فراہم کرتی ہیں ، بدعنوانی کے خلاف اقدامات سے متعلق معلومات کی فراہمی میں او جی ڈی سی کا 100 فیصد اسکور اس شعبے میں کمپنی کی شفافیت کا عکاس ہے۔
رپورٹ میں کمپنی کے ضابطہ اخلاق کو بھی اچھی عملی مثال قرار دیا گیا، جو ملازمین کو غیر اخلاقی سرگرمیوں کی نشاندہی اور رپورٹنگ کے لیے محفوظ اور خفیہ دوطرفہ رابطے کے ذرائع فراہم کرتا ہے ، تنظیمی شفافیت اور ملکی مالیاتی رپورٹنگ کے شعبوں میں بھی او جی ڈی سی نے 100 فیصد اسکور حاصل کیا ، ان شعبوں میں کمپنیوں کے تنظیمی ڈھانچے، گورننس سے متعلق معلومات اور ملکی کاروباری سرگرمیوں کے اہم مالیاتی اعداد و شمار کی فراہمی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
صنفی مساوات، عدم امتیاز اور معذور افراد کی شمولیت کے شعبے میں بھی او جی ڈی سی نے 100 فیصد اسکور حاصل کیا ، اس شعبے میں انٹرلوپ اور سازگار انجینئرنگ نے بھی سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا۔ جائزے میں ہراسانی اور امتیازی سلوک کے خلاف کمپنیوں کے اقدامات، بھرتیوں اور ترقی میں مساوی مواقع، معذور افراد کی شمولیت اور کام کی جگہ پر امتیازی سلوک سے نمٹنے کے باضابطہ طریقہ کار کو جانچا گیا۔
انسانی حقوق اور کارپوریٹ ذمہ داری کے شعبے میں او جی ڈی سی کا 81.25 فیصد جبکہ ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) سے متعلق معلومات کی فراہمی میں 75 فیصد اسکور رہا، اسی طرح سرکاری معاہدوں اور ٹینڈرز سے متعلق خریداری کے شعبے میں کمپنی نے 100 فیصد اسکور حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ، TRAC 2026 کے تحت پاکستان کے کارپوریٹ شعبے کی 104 لسٹڈ کمپنیوں کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بدعنوانی کے خلاف اقدامات میں کمپنیوں کا اوسط اسکور 53.41 فیصد، تنظیمی شفافیت میں 92.49 فیصد، ملکی مالیاتی رپورٹنگ میں 92.50 فیصد، صنفی مساوات، عدم امتیاز اور معذور افراد کی شمولیت میں 68.11 فیصد، انسانی حقوق اور کارپوریٹ ذمہ داری میں 45.98 فیصد، جبکہ ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) سے متعلق معلومات کی فراہمی میں 47.84 فیصد رہا۔
او جی ڈی سی کی پہلی پوزیشن اور نمایاں کارکردگی جامع عوامی رپورٹنگ، کارپوریٹ احتساب کو مضبوط بنانے اور متعلقہ فریقوں کے اعتماد میں اضافے کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

