استنبول (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل گروپ کے وزرائے خارجہ کی فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خلیجی خطے کی موجودہ علاقائی صورتحال اور اس کے سماجی و معاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا، شرکاء نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ، اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصبوں کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں شریک تمام وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ علاقائی صورتحال پر مشاورت اور باہمی روابط کو مؤثر بنانے کے لیے اس نوعیت کے اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ، دوسری جانب وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ اجلاس ترکیہ کی میزبانی میں استنبول میں منعقد ہوا، جس میں آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امور اور سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

