تہران (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ایران کے ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر ایک امریکی ڈرون مار گرایا ہے ، خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی فوج کا یہ بیان نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے ذریعے سامنے آیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مار گرایا گیا ڈرون امریکی ساختہ ایل یو سی اے ایس (LUCAS) تھا، جو نسبتاً کم لاگت والا بغیر پائلٹ طیارہ ہے اور فوجی کارروائیوں میں حملوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ، تاہم ایرانی فوج نے واقعے کی مزید تکنیکی تفصیلات، ڈرون کے مشن یا اسے نشانہ بنانے کے طریقۂ کار کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کیں ، واضح رہے کہ ڈرون مار گرانے کا یہ دعویٰ ایرانی فوج کی جانب سے کیا گیا ہے۔

