”کراچی جیل ہے“، حنا الطاف کے بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ حنا الطاف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں لڑکی ہونا ہی گویا گناہ بن گیا ہے ، حنا الطاف نے خواتین کی آزادی اور روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کو جیل قرار دے دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے بیان پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حنا الطاف حال ہی میں لندن میں چھٹیاں گزارنے کے بعد پاکستان واپس آ رہی تھیں ، اداکارہ نے وطن واپسی سے چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے لندن میں اپنے قیام کو شاندار قرار دیا ، ویڈیو میں حنا الطاف نے کہا کہ کراچی کی پرواز سے قبل انہوں نے سوچا کہ لندن میں آخری مرتبہ ناشتہ کر لیا جائے، کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے۔

اداکارہ نے پاکستان میں خواتین کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں لڑکیاں آزادی کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں اور سڑکوں پر چلنا بھی ان کے لیے مشکل ہے۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، بعض صارفین نے خواتین کی آزادی اور انہیں درپیش سماجی مسائل سے متعلق ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ دیگر نے کراچی جیسے شہر کے لیے جیل کا لفظ استعمال کرنے پر تنقید کی حنا الطاف کے بیان نے ایک بار پھر پاکستان میں خواتین کی نقل و حرکت، ذاتی آزادی اور عوامی مقامات پر تحفظ سے متعلق بحث کو اجاگر کر دیا ہے۔