اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا عمان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے کے لیے دورے کے دوران طے پانے والے امور پر پیش رفت یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور دوروں کی اہمیت پر زور دیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

