بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 سانپ نکلنے کا دعویٰ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم حکم

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جیل میں پیش آنے والی مشکلات کی شکایات پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کی۔

عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے جبکہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹرز جاوید ارشد اور رافع مقصود کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک بھی روسٹرم پر موجود تھے ، سماعت کے آغاز پر عدالت نے تمام متعلقہ فریقوں کو خاموشی اختیار کرنے کی ہدایت کی .

جس کے بعد وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کی صحت اور جیل میں پیش آنے والے مبینہ واقعات سے متعلق نئی متفرق درخواست پیش کی گئی ، وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے اور ان کی سرجری سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، کیونکہ موجودہ طبی کیفیت کے باعث ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دورانِ سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے روم سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے ہیں، جنہیں جیل کے اہلکاروں نے مارنے کے بعد اس مقام پر سیمنٹ لگا دیا تھا ، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تمام خدشات پر مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل رولز کے مطابق انہیں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا مکمل خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا معائنہ کرنے کے لیے ایک سپیشل ڈاکٹر فراہم کیا جائے، تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عدالت نے مرکزی اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی سماعت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ موکلین سے ملاقات کے بغیر مرکزی اپیلوں پر دلائل نہیں دیے جا سکتے، اور عدالت نے اس استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملاقات کا جتنا وقت مانگا تھا وہ پورا فراہم کیا۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ وکلا اپنے دیے گئے بیان حلفی کے مطابق اب مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ دلائل کا آغاز کریں تاکہ مقدمے کو انجام تک پہنچایا جا سکے، کیونکہ جو امور اس عدالت کے دائرہ اختیار میں ہیں ان پر قانون کے مطابق مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔