اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپیئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر جمہوریت کے لیے ان کی کارکردگی صفر ہے، آئین اپنی مرضی کے مطابق تشریح کرنے کا نام نہیں، پسند کی شق ہو تو آئین اچھا اور دوسری صورت میں غیر آئینی قرار دے دیا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان ملوث ہیں، عدالت میں ایک بار پھر سماعت ملتوی کرانے کے لیے بہانے بازی کی گئی، پہلے ملاقات نہ ہونے، پھر وقت کم ملنے اور اب دیگر وجوہات کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں تاخیری حربے ایسے استعمال کیے جا رہے ہیں جیسے کوئی چور اپنی چوری چھپانے کے لیے حیلے بہانے کرتا ہے، کیس کو مسلسل التوا کا شکار کیا جا رہا ہے۔
طلال چوہدری نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری ہے، جس میں ملزمان رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور کرپشن کی رقم ان کے گھروں، جیبوں اور زمینوں سے برآمد ہوئی۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی باتیں ایسے ہیں جیسے وہ اپوزیشن لیڈر ہوں، حالانکہ 3 صوبوں اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ بھی ان کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، قریباً 70 فیصد پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی ہے، اس کے باوجود خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرنا عجیب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سب سے زیادہ حکومتیں کرنے والی جماعت ہے اور سندھ میں 17 سالہ حکمرانی کے بعد بھی اسے عوامی مسائل کا جواب دینا ہوگا، آئین کا اطلاق موسم یا اپنی سہولت کے مطابق نہیں ہوسکتا، اس کے تمام حصوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس بنانے کا مقصد بہتر گورننس اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ہے، جس صوبے میں گورننس خراب ہے وہاں انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے، جبکہ بہتر گورننس والے صوبوں کو تقسیم کرنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسائل پر اختیار عوام کی بہتری کے لیے ہونا چاہیے، ذاتی مفادات کے لیے نہیں، طاقت کے استعمال کا بہانہ بنا کر ووٹ دینے کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوا جا سکتا، جمہوریت کا فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہیے، بلٹ سے نہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آئینی عدالت کے قیام کا کریڈٹ پیپلز پارٹی خود اپنی تقریروں میں لیتی رہی ہے اور قومی اسمبلی میں اسے قائداعظم کا خواب اور اپنی جماعت کی میراث قرار دیا گیا، جمہوریت صرف تقریروں اور آئینی شقوں کی تشریح کا نام نہیں بلکہ اس پر عملی طور پر عمل درآمد بھی ضروری ہے ، انہوں نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نظریاتی طور پر آئین اور جمہوریت کے ہیرو بننے کی کوشش کرتے ہیں.
لیکن جب عمل کی بات آتی ہے تو کارکردگی صفر دکھائی دیتی ہے ، طلال چوہدری نے کا کہنا تھا کہ شرم و حیا کا درس دینے سے پہلے بلاول بھٹو اپنے گورنر کو بھی یہ بات سمجھائیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی اور ایک بار نہیں بلکہ مسلسل ان کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے، کوئی لیڈر یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں، مولانا فضل الرحمان سے صرف سوالات کے جواب مانگے گئے ہیں، ان پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا بلکہ آئین اور قانون کے مطابق سوالات اٹھائے گئے ہیں ، وزیر مملکت نے کہا کہ اثاثوں اور مالی معاملات پر سوالات اٹھیں تو جواب دینا ضروری ہے، جن پر ایک روپے کی ناجائز کمائی کا بھی الزام ہو، انہیں اپنی وضاحت پیش کرنی چاہیے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ چند وی لاگز اور ٹی وی پروگراموں سے حالات نہیں بدلتے، 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت دوبارہ ملتوی ہونے سے کسی ڈیل کا تاثر بھی ختم ہوتا ہے، مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے مسلسل نئی کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، کبھی ملاقات، کبھی ہسپتال اور کبھی پشاور جانے کی باتیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات زیر التوا ہیں، اس لیے ابھی کہیں جانے کی گنجائش نہیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس کو عدالت میں لڑنے کے بجائے مسلسل التوا لیا جا رہا ہے ، وزیر مملکت نے کہا کہ اگر 190 ملین پاؤنڈ کیس کے ملزم اور 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سیاسی قیدی ہیں تو پھر سیاست اور انتشار میں فرق کیا رہ جائے گا؟ سیاست اور انتشار کو ایک ہی چیز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

