اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ )اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی 17 درجے بہتری، عالمی درجہ بندی میں 119ویں نمبر پر آ گیا ، 2022 کے مقابلے میں پاکستان کی درجہ بندی میں مجموعی طور پر 31 درجے بہتری، جنوبی ایشیا میں نمایاں پیش رفت کرنے والے ممالک میں شامل۔
پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس (EGDI) 2026 میں 17 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 194 ممالک میں 119ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے، اقوامِ متحدہ کا ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس دنیا بھر میں حکومتوں کی جانب سے شہریوں کو آن لائن خدمات کی فراہمی اور ڈیجیٹل گورننس کی پیش رفت جانچنے کا عالمی معیار ہے، اس حوالے سے نتائج اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ سروے 2026 میں جاری کیے گئے۔
پاکستان نے مسلسل دوسری مرتبہ اپنی عالمی درجہ بندی میں بہتری حاصل کی ہے ، پاکستان 2022 میں 150ویں اور 2024 میں 136ویں نمبر پر تھا، جبکہ 2026 میں 119ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ اس طرح گزشتہ چار برسوں میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں مجموعی طور پر 31 درجے بہتری آئی ہے، پاکستان کا مجموعی ای گورنمنٹ انڈیکس اسکور 2024 کے 0.5096 سے بڑھ کر 2026 میں 0.6264 ہو گیا، جو 23 فیصد بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان 2022 میں مڈل ای جی ڈی آئی کیٹیگری میں شامل تھا، جو اب ہائی ای جی ڈی آئی کیٹیگری میں آ گیا ہے ، اقوامِ متحدہ نے اپنی علاقائی رپورٹ میں بھی پاکستان کی پیش رفت کو نمایاں کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بہتری حاصل کرنے والے ممالک میں شامل کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اس پیش رفت پر کہا کہ اقوامِ متحدہ کے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے عالمی انڈیکس میں دو ایڈیشنز کے دوران پاکستان کی درجہ بندی میں 31 درجے بہتری ایک اہم کامیابی ہے ، یہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کے ذریعے عوامی خدمات کو آن لائن منتقل کیا جا رہا ہے اور ملک کے مزید شہریوں تک رابطے کی سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔
یہ پیش رفت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن کے وژن پر عمل درآمد اور پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی شناخت کا ثبوت ہے، پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی ہے ، آن لائن سروسز کے شعبے میں پاکستان کا اسکور 20 فیصد اضافے کے ساتھ 0.8422 ہو گیا ہے، جو جنوبی ایشیا میں دوسرا بلند ترین اسکور ہے، یہ بہتری حکومتی خدمات کی ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے دستیابی میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
اسی طرح ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کے شعبے میں پاکستان کا اسکور 39 فیصد اضافے کے ساتھ 0.6590 ہو گیا ہے، جبکہ گزشتہ ایڈیشن میں بھی اس شعبے میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، یہ پیش رفت ملک بھر میں رابطے کی سہولیات کے مسلسل فروغ کی عکاس ہے۔
پاکستان نے شہریوں کی آن لائن شرکت اور حکومتی معاملات میں شمولیت کے حوالے سے بھی جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ 0.9655 اسکور حاصل کیا ہے، یہ اشاریہ حکومتی مشاورت، عوامی رائے اور معلومات تک رسائی کے ذریعے شہریوں کی آن لائن شرکت اور حکومتی عمل میں شمولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سروے میں پاکستان کی ڈیجیٹل پیش رفت کو ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔ سروے کے مطابق اس قانون کے نفاذ کے ساتھ قومی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے ایک باقاعدہ ادارہ جاتی نظام قائم ہوا۔ اس ایکٹ کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی (PDA) تشکیل دی گئی، جس کا مقصد وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل میں رابطہ کاری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سہیل منیر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کو مربوط ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی ادارہ جاتی بنیاد کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ اب ہمارا مقصد مشترکہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، باہم مربوط نظام اور ایسی خدمات کی فراہمی کو فروغ دینا ہے جو ملک کے ہر صوبے میں شہریوں کے لیے یکساں طور پر مؤثر ہوں، نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان ان کوششوں کو ایک مشترکہ سمت فراہم کرتا ہے، جبکہ حالیہ کامیابی اس عمل کو مزید تقویت دے گی۔
حکومت پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایجنڈے کے اگلے مرحلے میں اس پیش رفت کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک کے ہر حصے تک ڈیجیٹل خدمات، رابطے کی سہولیات اور ڈیجیٹل مہارتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

