اویس لغاری کی ترکمانستان کے وزیر توانائی سے ملاقات، ٹاپ منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری سے آج اسلام آباد میں ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف نے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون، علاقائی گرڈ کنیکٹیویٹی اور بالخصوص ترکمانستان ، افغانستان ، پاکستان (ٹاپ) بجلی کی ترسیل کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف کو کاسا 1000 کا حصہ بننے کی دعوت دی ، انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے تاجکستان اور کرغزستان کی بھی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ کاسا-1000 ٹرانسمیشن لائن کو ازبکستان اور ترکمانستان تک توسیع دینے کے امکانات کا جائزہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں مستقبل کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے باعث اس خطے میں بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے جسے پورا کرنے کے لیے اضافی توانائی درکار ہوگی، اس تناظر میں انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایران اور ترکمانستان باہمی اشتراک سے ایران کے گرڈ کے ذریعے گوادر میں بجلی کی ترسیل کی استعداد بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیں، جس پر دونوں ممالک کے ماہرین پر مشتمل ایک مشترکہ گروپ غور کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی توانائی کی منڈیوں کے انضمام اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹاپ اور کاسا-1000 جیسے منصوبوں کی کامیابی کے لیے معاشی اور مالیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اس وقت بجلی کی پیداوار میں سرپلس ہے اور مسابقتی توانائی کی منڈی متعارف کروا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کاسا-1000 منصوبے میں فی الحال بجلی کی ترسیل کا نظام یکطرفہ ہے تاہم اسے دوطرفہ بنانے سے نہ صرف باہمی ضرورت کے وقت بجلی کا تبادلہ ممکن ہوگا بلکہ یہ منصوبہ معاشی اور مالیاتی طور پر بھی زیادہ پائیدار ثابت ہوگا۔

ٹاپ منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے پر پیش رفت کے لیے مطلوبہ سات بنیادی تکنیکی ڈیٹا سیٹس میں سے پاکستان تین فراہم کر چکا ہے جبکہ ترکمانستان کی جانب سے مطلوبہ تکنیکی معلومات کے تبادلے کو تیز کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے تکنیکی ورکنگ گروپس کا اجلاس جلد از جلد بلایا جائے اور چند ہفتوں میں اس حوالے سے واضح روڈ میپ مرتب کیا جائے۔

اس موقع پر ترکمانستان کے وزیرِ توانائی اناگیلدی ساپاروف نے شاندار میزبانی پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور ٹاپ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کی تکمیل کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے آگاہ کیا کہ اس منصوبے کے ذریعے خطے کی 30 کروڑ سے زائد عوام کو بجلی فراہم کی جا سکے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ترکمانستان افغانستان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام مکمل کر چکا ہے .

جبکہ افغانستان سے پاکستان کے شہر کوئٹہ تک 500 کلو واٹ (1,200 میگاواٹ استعداد کی حامل) اس 1,150 کلومیٹر طویل منصوبے کے بقیہ مراحل اور فزیبلٹی کے جائزے کے لیے تکنیکی ورکنگ گروپ کے ذریعے کام آگے بڑھایا جائے گا ، ترکمانستان کے وزیر نے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترکمانستان بھی مطلوبہ ڈیٹا جلد فراہم کرے گا اور ٹاپ منصوبے سے متعلق امور ذاتی نگرانی میں حل کرائے گا۔

فریقین نے تکنیکی مسائل کے حل، فزیبلٹی اسٹڈی کی تکمیل اور منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوکل پرسنز کے درمیان باقاعدہ آن لائن اور بالمشافہ رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ، ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔