اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد دفتر خارجہ پاکستان نے صورتحال پر اہم بیان جاری کر دیا ہے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی ڈوبنے کے واقعے کی تاحال آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ حادثے میں پاکستانی شہریوں کی ممکنہ موجودگی سمیت تمام حقائق معلوم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ امید اور دعا ہے کہ کشتی ڈوبنے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات درست ثابت نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے کو مسلسل دیکھ رہا ہے اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے تاکہ واقعے کی اصل صورتحال معلوم کی جا سکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے نے متعلقہ لیبیائی حکام سے رابطہ کر لیا ہے، جبکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) سے بھی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کیا گیا ہے ، مختلف متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطوں کا مقصد حادثے کی تفصیلات اور اس میں پاکستانی شہریوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ معلومات حاصل کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ فی الحال کشتی حادثے کی خبروں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی واقعے سے متعلق مستند اور مصدقہ معلومات دستیاب ہوں گی، انہیں عوام اور میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا ، دفتر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کشتی ڈوبنے کی اطلاعات درست ثابت نہ ہوں اور کسی پاکستانی شہری کو نقصان نہ پہنچا ہو.

