پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی، جیٹ فیول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا ہوگیا

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ملک میں طیاروں کے ایندھن (جیٹ فیول)، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں مزید کمی کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق آج 28 نومبر سے ہوگیا ہے ، نئی قیمتوں کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 18 روپے 21 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 287 روپے 71 پیسے سے کم ہوکر 269 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 15 روپے 55 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 273 روپے 22 پیسے سے کم ہوکر 257 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 13 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 220 روپے 28 پیسے سے کم ہوکر 207 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے ،قیمتوں میں کمی کا اطلاق 28 نومبر سے کردیا گیا ہے، جس سے ان تینوں پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو ریلیف ملے گا۔